جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ عالمی استعمار اور اسلام دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہی ملک کو مزید تقسیم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو اگر ختم نہ کرتے تو آج پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہوتا ، جے یو آئی کے آزادی مارچ ، جے یوآئی نے عوامی مارچ سے پی ٹی آئی حکومت کا تختہ الٹا دیا، ان شاءاللہ جے یو آئی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سندھ کے عوام کی پارلیمانی نمائندگی کرے گی۔
سندھ میں امن امان قائم کرنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے، عوامی جان و مال غیر محفوظ ہیں ، سندھ سرکار کو آنکھیں کھولنی ہونگی ، سندھ کی زمینوں کی خرید فروخت روکی جائے ، غیر قانونی اسلحہ کی آمد کو روکا جائے، منشیات، آئس و دیگر نشہ آور اشیاء کی خریدوفروخت بند کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
افغانستان میں زندہ بچ جانے والا آخری روسی فوجی انتقال کر گیا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے جے یو آئی خیبرپختونخوا کے امیر و سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک اب محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پی ڈی ایم حکومت عوامی مفاد کیلئے کام کر رہی ہے، سکھر حیدر آباد ایم 6 موٹروے منصوبہ جے یو آئی کا عوام کیلئے تحفہ ثابت ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مولانا فیض محمد کا کہنا تھا کہ جے یو آئی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ جمعیت علمائے اسلام نے سامراجی قوتوں کے ایجنٹوں کو دھکے دیکر باہر نکال دیا ، ملک میں اب نظام مصطفی ہی نافذ ہوکر رہے گا۔
قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام سندھ کی جنرل کونسل کا اجلاس مولانا سراج احمد شاہ امروٹی کی زیر صدارت جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر میں منعقد ہوا ، اجلاس میں جے یو آئی خیبرپختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن، سینیٹر مولانا فیض محمد، جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، سید سراج احمد شاہ امروٹی، سائیں عبدالقیوم ہالیجوی، محمد اسلم غوری، مفتی سعود افضل ہالیجوی، محمد صالح اندھڑ ، محمد فاروق قریشی، مولانا محمد ادریس سومرو، مولانا اعجاز مصطفی، مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا غلام محمد سومرو، مفتی عبدالرحیم پٹھان، سائیں عبدالمجیب قریشی بیرشریف، مولانا میرحسن بروہی ، مفتی محمد طاہر ہالیجوی ، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو، مولانا عبدالکریم عابد ، ڈاکٹرنصیر الدین سواتی، مولانا محمد غیاث، حاجی امین اللہ اچکزئی ودیگر نے خطاب کیا۔
اجلاس میں سندھ بھر کے 30 اضلاع کے ذمہ داران نے شرکت کی۔