قصور پولیس نے 7 روز قبل قتل کی اندھی واردات میں ملوث باپ کو قتل کرنے والے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا یہ افسوسناک واقعہ تھانہ بی ڈویژن کے علاقے شیخ بھاگو میں پیش آیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ والد کا قتل دولت کے لالچ میں کیا ہے۔ پولیس نے پستول برآمد کرکے اسے آلۂ قتل کے طور پر شناخت کیا ہے۔
کراچی، نالے میں گیس بھر جانے کے باعث زور دار دھماکہ
واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ قصور پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوہ صغراں بی بی نے خادم حسین کے قتل کا مقدمہ 7 روز قبل درج کرایا اور دعویٰ کیا کہ 3 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اس کے شوہر کو قتل کیا ہے جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس نے انتہائی کم وقت میں تفتیش کامیابی سے مکمل کر لی۔ ملزم امداد حسین نے خود کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش کی۔
ڈی ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم نے مدعی کے طور پر مقدمہ درج کرانے اور پھر پوسٹ مارٹم کے بغیر والد کو دفن کرنے کی کوشش کی۔ تفتیش کے دوران ملزم کا کہنا تھا کہ میرے والد کروڑ پتی تھے، مجھے کچھ نہیں دیتے تھے۔ میں نے دولت کے لالچ میں آ کر قتل کا ارتکاب کیا۔