لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی صوبائی اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے۔ کسی بھی وقت وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی عمران خان کے ایماء پر کسی بھی وقت پنجاب اسمبلی توڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں تاہم گورنر پنجاب نے یہ امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں۔
صدرِ مملکت کی عمران خان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو
اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اسمبلی توڑنے کے خواہاں نہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پاس اختیار ہے کہ وہ مجھے اسمبلی توڑنے کیلئے سمری ارسال کر سکتے ہیں جس کے 2 روز میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سمری وصول ہونے کے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کردیں گے۔ کسی بھی وقت وزیر اعلیٰ کو پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہہ سکتا ہوں۔ ہمارے پاس تحریکِ عدم اعتماد لانے کا بھی اختیار موجود ہے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امید ہے عمران خان صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی یو ٹرن لے لیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔