اسلام آباد: سیکرٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ گوادر کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح 23 مارچ 2023 کو کیا جائے گا،اس منصوبے کا سنگ بنیاد مارچ 2019 میں کیا گیا تھا۔
یہ بات انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سول ایوی ایشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ سی اے اے کے سیکرٹری کے مطابق گوادر کے ہوائی اڈے کا غیر ترقیاتی بجٹ 190 ملین روپے ہے۔
اس منصوبے پر 230 ملین ڈالر کی لاگت متوقع ہے، اور اس منصوبے کے لیے چینی حکومت کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) اندرون ملک اور بین الاقوامی روٹس کے لیے اے ٹی آر 72، ایئربس، (A-300)، بوئنگ (B-737) اور بوئنگ (B-747) کے امتزاج کو ہینڈل کرنے کے قابل ہو گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی آسیان سے تجارت کا حجم 11ارب ڈالر، گوادرکو گیٹ وے بنانے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق چینی فریق نے ابھی تک اس منصوبے کے اگلے سال مارچ تک مکمل ہونے کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ اتحادی انتظامیہ کے اقتدار میں رہتے ہوئے ہوائی اڈے کو کھولا جائے۔