لاہور: پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دینے پر مسلم لیگ (ن) کے سابق ضلعی چیئرمین رائے قمر الزمان کھرل کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما و سابق ضلعی چیئرمین حافظ آباد رائے قمر الزمان کھرل کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دیں۔
تحریک انصاف کے کارکنان کا ملک بھر میں احتجاج، اہم شاہراہیں بلاک
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رائے قمر الزمان کھرل کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ رائے قمر الزمان نے بیان دیا کہ عمران خان کہتا ہے کہ مجھ پر حملہ شہباز شریف نے کروایا، میں کہتا ہوں یہ واجب القتل ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ رائے قمر الزمان کھرل نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت حکم دے گی، میں عمران خان کو خود گولی مار دوں گا۔ اسٹیج پر سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
عمران خان کہتا ہے کہ مجھ پر حملہ شہباز شریف نے کروایا ،میں کہتا ہوں یہ واجب القتل ہے جب مسلم لیگ ن کی قیادت حکم دے گی میں اس کو خود گولی مار دوں گا ۔قمر زمان مسلم لیگ ن حافظ آباد
اسٹیج پہ سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور عطا اللہ تارڑ بھی بیٹھے تھے pic.twitter.com/RxkyTw5ZkO
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) November 5, 2022
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو سنگین دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سابق وائس چیئرمین حافظ آباد رائے قمر الزمان کھرل کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ قتل کی دھمکیاں دینے والے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔