اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ممالک کا سربراہی اجلاس پاکستان میں ہوگا۔ حالیہ بیرونی دوروں میں طے پایا ہے کہ سربراہی اجلاس میں مختلف شعبہ جات کیلئے روابط کو فروغ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا ہے کہ حالیہ بیرونی دوروں میں طے پایا ہے کہ زرعی اجناس، ریل، گیس اور توانائی کے حوالے سے روابط کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں وسط ایشیائی ممالک سربراہی اجلاس جلد ہوگا۔
مذاکرات نہیں ہورہے، قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں۔خواجہ آصف
وسط ایشیائی ممالک اجلاس کے متعلق آگہی دیتے ہوئے سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کی اور قازقستان دورے کی تفصیلات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں عالمی اجلاسوں میں اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں بین الاقوامی کانفرنسز بشمول شنگھائی تعاون تنظیم، اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس اور سیکا سربراہی اجلاس میں انہوں نے وسط ایشیائی ریاستوں کے سربراہانِ مملکت سے ملاقاتیں کیں۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں طے پایا ہے کہ مختلف شعبہ جات پر گفتگو کیلئے پاکستان جلد اسلام آباد میں وسط ایشیائی ریاستوں کا اجلاس منعقد کرے جس میں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے وسط ایشیائی ریاستوں سے ریل روڈ اور توانائی راہداریوں کے قیام کے متعلق اصولی فیصلے ہوں گے۔