کراچی: قومی کرکٹ ٹیم سیریز برابر کرنے کیلئے مہمان ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنا چوتھا ٹی 20 میچ آج کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں چوتھا ٹی 20 میچ جیتنے کیلئے کمر کس لی جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان مہمان کرکٹ ٹیم سے 63 رنز کے فرق سے شکست کھا گیا تھا۔
شکست نہیں دیکھ سکتا، کپتان کو بتا دیا صرف جیتنا ہے، رمیز راجا
آج شام 7 بج کر 30 منٹ پر نشر کیا جانے والا پاک انگلینڈ ٹی 20 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاک انگلینڈ 7 میچز کی سیریز کو اہمیت دی جارہی ہے۔
اسپورٹس تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاک انگلینڈ سیریز قومی کرکٹ ٹیم کیلئے اپنی خامیوں پر قابو پانے کا بہترین موقع ہے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے علاوہ کسی بیٹر نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں بھی قومی ٹیم بابر اعظم کے آؤٹ ہوتے ہی بری طرح لڑکھڑا گئی۔ محمد رضوان بھی ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد مڈل آرڈر کی باری آئی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے کیلئے ہفتے کے روز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی جس میں محمد حارث، شان مسعود، آصف علی، خوشدل شاہ، نسیم شاہ، ابرار احمد اور دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ عامر جمال، ابرار احمد، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤوف، افتخار احمد اور خوشدل شاہ شامل ہیں۔
محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز دہانی، شان مسعود اور عثمان قادر بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ انگلینڈ کی کپتانی معین علی کر رہے ہیں۔