پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے لاتعداد قربانیاں دے کر ملک کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے کامیابی کے ساتھ محفوظ کیا ہے اور قومی یا انسانی آفات کا سامنا کرتے ہوئے سول انتظامیہ کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوانوں سے لے کر جرنیلوں کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تعینات ہونے والے تمام آرمی چیف محب وطن تھے۔
صدر مملکت نے پاکستانی عوام، اداروں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر شکوک و شبہات اور تنازعات پیدا کرنے سے گریز کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور صدر پاکستان انہیں ریاست کے تمام ادارے عزیز ہیں جن میں موجودہ حکومت بھی شامل ہے۔
صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے یہ باتیں گورنر ہاؤس میں پشاور میں مقیم صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
پاکستان میں سیلاب کی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر نے سیلاب کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور ملک میں قیمتی جانوں، معاش اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے اور ذخیرہ شدہ پانی کو شہری مراکز کو فراہمی کے لیے استعمال کرنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کے بڑے ڈیم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ شمال میں دریا کے کناروں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات سے دریا کا راستہ روکنا جانوں اور املاک کے نقصان کی ایک بڑی وجہ ہے۔
مزید پڑھیں:پاک فوج میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے،آئی ایس پی آر