اسلام آباد: حکومت پاکستان نے تمام سرکاری حاجیوں کو کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پوسٹ حج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے بتایا کہ اعلان کردہ رقم تمام 34 ہزار حجاج کرام کو 17 اگست سے 31 اگست تک ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرادی جائیگی۔
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ جن حجاج کے اکاؤنٹس نہیں ہوں گے، بینک انہیں کیش یا ڈرافٹ کی صورت میں رقم ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
مفتی عبدالشکور کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ تمام حجاج کو ایس ایم ایس بھجوایا جائے گا، یہ ایس ایم ایس بینک حکام کو اصل شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک رسید کے ساتھ دکھانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچت مہم کے تحت کل سے فی سرکاری حاجی ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کیے جائیں گے۔ فی حاجی ایک لاکھ 43 ہزار تک سبسڈی دی گئی، بچت یقینی بناتے ہوئے حجاج کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں۔
مفتی عبدالشکور کا پوسٹ حج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنکوں کی غلطی سے جو عازمین رہ گئے تھے انکے لئے دو ہزار کا اضافہ کوٹہ سعودی عرب نے جاری کیا۔