لاہور: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان 19 اگست کو ایک عوامی جلسے سے خطاب کے لیے کراچی کا دورہ کریں گے۔
یہ فیصلہ آج عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔
باخبر ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے قبل از وقت انتخابات کے لیے ’امپورٹڈ حکومت‘ پرمزید دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک بھر کے متعدد شہروں میں عوامی جلسوں کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہری مراکز میں عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا پہلا پاور شو 19 اگست کو کراچی میں ہوگا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان خود نو حلقوں میں انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
مزید برآں عمران خان نے انصاف لائرز فورم اور اس کے آئین کی تشکیل نو کے لیے اسد عمر، بابر اعوان، علی ظفر اور حسن نیازی پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی۔
عمران خان نے کہاکہ، ”وکلاء کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی جانی چاہیے کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے فرنٹ لائن ہیں۔”
مزید پڑھیں:عمران خان کی نو نشستوں سے نامزدگی پر حکومت کا اعتراض اٹھانے کا فیصلہ