جھنگ:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتوار 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، سازش کے ذریعے منتخب حکومت کو ہٹایا گیا۔
عمران خان نے جھنگ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث تاخیر سے پہنچا، جس پر معذرت چاہتا ہوں، یہاں اس لیے آیا ہوں کیونکہ ہمارا نمائندہ لوٹا ہوگیا ہے، بچے بھی جان چکے ہیں کہ لوٹا کون ہوتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے، پاکستان کے عوام غیرت مند ہیں، لوٹا صرف وہ نہیں جو غسل خانے میں استعمال ہوتا ہے، ضمیر کا سودا کرنے والا بھی لوٹا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے آئین کے خلاف جاتے ہیں، لوٹے ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں، سازش کے ذریعے منتخب حکومت گرائی گئی، 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتے اور نہ ضمیر کا سودا کرتے ہیں، ہمارا ملک عظیم ملک نہیں بن سکا، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، لوٹے وہ لوگ ہیں جو پیسے لے کر عوام کے ووٹ بیچتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ میں دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ مستعفی ہوجاتا، مسٹر ایکس بھی تیاری کررہا ہے، اسے حکم ملا ہے کہ چوروں کو جتوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ لوگ یاد رکھیں گے، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتا ہوا پکڑا گیا، سندھ کا الیکشن کمشنر حکومت سے پیسے لیتا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ شریف خاندان اور الیکشن کمیشن سے ہے، ہمارے کرائم منسٹر اور اس کے بیٹے پر 20ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی اخلاقیات کا معیار ہم سے بہت اوپر ہے، مغربی معاشرے میں ڈاکوؤں اور چوروں کو جیلوں میں ڈالا ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کے حمایتی ہاتھا پائی کریں تو دفاع کا حق استعمال کریں، رانا ثناء اللہ کی ہدایت