اسلام آباد: تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت نے وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر مبینہ طور پر دوست ممالک سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں چین شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف بیان جاری ہونے کے بعد سے سیاسی صورتحال پیچیدہ نظر آتی ہے۔ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن مطلوبہ اراکین کی حمایت حاصل کرچکی ہے۔
عدم اعتماد پر 172ارکان کی حمایت، نئی حکومت 10دن میں آجائیگی۔وزیر اعلیٰ
وفاقی حکومت نے پیچیدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے دوست ممالک کی مدد حاصل کرنے کا پلان بنا لیا۔ دونوں دوست ممالک پاکستان کے ساتھ باہمی گہرے تعلقات کی وسیع تاریخ رکھتے ہیں۔ او آئی سی اجلاس 22 اور 23مارچ کو ہوگا۔
قبل ازیں حکومت نے او آئی سی اجلاس سے قبل تحریکِ عدم اعتماد سے نمٹنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم نئے فیصلے کے تحت ووٹنگ اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد ہوگی۔ دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت کا امکان ہے۔
دونوں دوست ممالک کی اہم شخصیات اپوزیشن کے سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کرکے حکومت اور حزبِ اختلاف کے مابین سیاسی کشیدگی کم کرانے کی کوشش کریں گی جبکہ او آئی سی اجلاس میں چین کے وزیر خارجہ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
آج سے 3 روز قبل چین کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی۔ نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا تحریکِ عدم اعتماد کے خلاف دوست ممالک کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے حکومت کے بچاؤ کا راستہ ہموار ہوگا۔