اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں لاقانونیت کے برے نتائج سامنے آ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملاقاتیں اور گزارشات کر رہی ہیں ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لے آئیں، ناکامی ان کا مقدر ہے۔اپوزیشن کہتی ہے کارڈچھپائے ہیں، عمران خان اپنے کارڈ چھاتی سے لگا کر رکھتا ہے۔ ایم کیوایم اور ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 172 ممبرلانا ان کا کام ہے، پھر کہتے ہیں کورونا آ گیا تھا، فون آ گیا تھا۔ ہو سکتا ہے ان کی بے وقوفیوں پر تاریخ لکھی جائے۔ انتشار اور خلفشار ان کے گلے پڑے گا۔ الیکشن میں ایک سال رہ گیا، انتخابی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیرترین پرانے ساتھی ہیں، دوستوں میں اختلافات ہو جاتے ہیں، سیاست دان کبھی دروازے بند نہیں کرتا۔ اپوزیشن عدم اعتماد لائے تب بھی پھنسے گی، اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے کہتی چلی آ رہی ہے کہ آج آ رہے ہیں، کل آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایسے نظر آ رہا ہے جیسے وہاں کوئی قانون نہیں رہا، مرادعلی شاہ کہیں تو رینجرز تھانوں میں بھی دینے کو تیار ہیں۔ کراچی میں لاقانونیت کے برے نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: روس سے جنگ کا خدشہ، یوکرین کی پاکستان سے مدد کی درخواست