اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی سفارت کاری اور علاقائی روابط کو فروغ دے رہی ہے۔ خطے میں قیامِ امن بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی منظر نامے اور علاقائی صورتحال میں تھنک ٹینکس کا کردار نہایت اہم ہے۔
وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر اسرار حسین، بین الاقوامی امور کے ماہرین، ڈاکٹر رفعت حسین اور ڈاکٹر صائمہ ملک سمیت دیگر بورڈ ممبران شریک ہوئے۔
انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے صدر و سفیر ندیم ریاض نے ادارے کے تاریخی پس منظر اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بورڈ میں شامل نئے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے وزارتِ خارجہ اور تھنک ٹینکس کے مابین قریبی روابط ناگزیر ہیں۔