اسلام آباد: تحقیقاتی کمیٹی نے انتظامی غفلت اور لاپرواہی کو سانحہ مری کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کے حوالے سے قائم کی جانے والی 5 رکنی انکوائری کمیٹی نے افسران اور زندہ بچ جانے والے سیاحوں کے بیانات کو قلم بند کر کے رپورٹ تیار کی جو کل وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی جائے گی۔
انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی وارننگ کو مسلسل نظر انداز کیا اور 5 دن برفباری کے بعد راستوں کو دو روز تاخیر سے بند کیا گیا جبکہ برف ہٹانے والی مشینری ایک جگہ کھڑی رہی اور عملہ غائب تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے سانحہ مری کا ذمہ دار انتظامیہ کو قرار دیا اور لکھا کہ انتظامی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے واقعے پیش آیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے مری میں پیر سے برفباری کی پیشن گوئی کی گئی جس کے بعد سی ٹی او راولپنڈی نے مری میں متوقع برفباری کے پیش نظرڈی ایس پی ٹریفک مری سمیت اسٹاف سے اہم اجلاس کیا۔
دوران برفباری مری میں ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی اور کسی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے حکم پر زائد گاڑیوں کے داخلہ کو روکنے کیلئے تمام داخلی راستوں پر خصوصی پکٹس قائم کیے جانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق برفباری کے دوران روڈ سے برف ہٹانے کیلئے ہائی وے کی مشینری کے ساتھ ٹریفک اہلکار تعینات کیا جائے۔
مزید پڑھیں: سانحہ مری میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 6افراد آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک