بجلی گھروں کے فرنس آئل خریداری روکنے کے باعث پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے آپریشن بند کردیا۔ فیصلے سے پی ایس ایکس (پاکستان اسٹاک ایکسچینج) کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر 75 لاکھ لیٹر یومیہ پیداواری صلاحیت رکھنے والی پاکستان ریفائنری کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ بجلی گھروں کی جانب سے فرنس آئل کی خریداری بند کردی گئی ہے۔
بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کے استعمال میں 38فیصد اضافہ
گیس بندش سے صنعتیں بند ہورہی ہیں، شرح سود 7فیصد کیا جائے، عبدالرشید
اپنے خط میں پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے کہا کہ آئل کی خریداری رک جانے سے آئل اسٹوریج بھر گئے، انڈسٹری مزید چلانے کے باعث تیل ضائع ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریفائنری بند کرنی پڑی۔
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے فیصلے سے حکومت کو آگاہ کردیا۔ خط کے مطابق حالات موافق ہونے تک ریفائنری بند رہے گی۔ بجلی گھروں کی جانب سے تیل کی خریداری بند کرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایل این جی کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کے استعمال میں 38فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔جولائی میں 3 لاکھ 74 ہزار ٹن کے لگ بھگ فرنس آئل استعمال ہوا۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق اگست میں فرنس آئل کا استعمال38فیصد اضافے سے 5 لاکھ 15 ہزار ٹن سے زائد رہا۔ بجلی کی پیداوار کیلئے ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کے سبب فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔