اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کا دائرۂ اختیار چیلنج کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں آج یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر اعظم اور ان کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دائرۂ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے کیس خارج کرنے کی استدعا کی۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت مل گئی
پی ڈی ایم کا رخ تبدیل، گیلانی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا منصوبہ تیار
سندھ سے کمیشن ممبر نثار درانی کا کہنا تھا کہ متفرق درخواستیں دائر ہوتی رہیں تو نااہلی کیس کبھی ختم نہیں ہوگا۔ علی حیدر گیلانی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو پہلے دائرۂ اختیار پر اور اس کے بعد مرکزی کیس پر فیصلہ کرنا ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت کی کہ فریقین اپنے جواب جمع کرائیں، آئندہ سماعت پر کیس کیلئے حتمی دلائل سنے جائیں گے۔ بعد ازاں یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس کی سماعت آئندہ برس 24 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل تھا۔
اکتوبر کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اٹلی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہونے کیلئے بیرونِ ملک روانہ ہورہے تھے جن کانام ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) میں شامل ہونے کے باوجود روانگی کی اجازت دے دی گئی۔