اسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کاایک سیاہ ترین دن ہے،پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
ہفتہ کو صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر یوم سیاہ 27 اکتوبر ، 2019ء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کاایک سیاہ ترین دن ہے۔72سال قبل ، ہندوستانی سکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ کشمیریوںکی امنگوں کے بر عکس جبر،ظلم و تشدد اور دہشت گردی کے ذریعے سری نگر پر قبضہ جما لیا۔
مزید پڑھیں : مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کا 83 واں روز، نظامِ زندگی بدستور مفلوج
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں ایک منصفانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو برقرار رکھا۔ اس پر عملدرآمدکے لئے عالمی برادری سے ان قراردادوں اور وعدوں کی تجدید جاری ہے ۔اس کے باوجود آج تک ہندوستان کشمیر میں وحشیانہ کارروائیوں اور دھونس ، دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ5/ اگست 2019 ء سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں0 8 لاکھ سے زائد افراد کو غیر قانونی طور پر محصور کیا ہواہے ۔ ان میں کشمیری عوام، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن پر بھارتی سیکورٹی فو رسزناقابل بیان ظلم وتشدد کا ارتکاب کررہی ہیں ۔
ان جرائم میں ناقابل معافی کرفیو ، مواصلات کی بلیک آؤٹ بھی شامل ہیں، جوگزشتہ تین ماہ سے جاری ہیں اور یہ ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے جو بھارت کئی دہائیوں سے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر برپا کئے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر میں مزید کتنے دن تک پابندیاں جاری رہیں گی؟ سپریم کورٹ کابھارتی حکومت سے استفسار