کراچی:یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) سندھ ریجن کے چیئرمین خالدتواب نے فیڈریشن کی موجودہ قیادت بزنس کمیونٹی کی خدمت اور پرفارمنس دکھانے میں ناکام ہوچکی ہے۔
صرف اخباری بیانات سے کاروباری برادری کے دل جیتے نہیں جاسکتے بلکہ جس طرح یونائٹیڈ بزنس گروپ سے منتخب فیڈریشن چیمبر کے عہدیداران نے مسلسل 5سال بزنس کمیونٹی کی خدمت کی فیڈریشن کے موجودہ صدر وہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی میں یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ اور سینئرنائب صدر کے امیدوارمحمدحنیف گوہر کے ہمراہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پرچیئرمین خواجہ ایم زبیر اور دیگر ممبران سے گفتگو میں کہی۔
انکے ہمراہ سینئرتاجررہنما شیخ ریاض الدین،غضنفر علی خان، احمدچنائے، ہمایوں لئیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ خالدتواب نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی معتبر کاروباری افراد کا ادارہ ہے جہاں ملکی معاشی استحکام کیلئے پالیسیز تیار کی جاتی ہیں۔
تاکہ انہیں حکومت کو پیش کیا جائے اور اگر سفارش زدہ اوردھاندلی کے پیداوار افرادایف پی سی سی آئی میں حکمرانی کرتے رہے تو اس معتبر ادارے کی بہتری کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے ہرفرد نے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،چیئرمین افتخار علی ملک، صدرزبیرطفیل اور دیگررہنماؤں کی سربراہی میں ملک بھر میں انتخابی مہم شروع کردی ہے اور اس بارفیڈریشن الیکشن میں دھاندلی نہیں بلکہ ووٹرز جیتیں گے۔
ہمارے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ اورسینئرنائب صدر کے امیدوارحنیف گوہر سمیت نائب صدارت کے تمام امیدوارایف پی سی سی کیلئے سرمایہ ثابت ہونگے اور یہ تمام امیدوار کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔
صدارتی امیدوارڈاکٹر نعمان بٹ نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی سے ہی ثابت کریں گے کہ یو بی جی ہی بزنس کمیونٹی کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے۔
ڈاکٹر نعمان بٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں سخت جدوجہد کے ساتھ کام کرکے ایف پی سی سی آئی کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے اور میں منتخب ہوکراپنی ٹیم کے ہمراہ فیڈریشن کو مزید بہتر مقام پر لے جانے کی مکمل کوشش کرونگا۔
سینئرنائب صدر کے امیدوار محمدحنیف گوہر نے کہا کہ ہم ایف پی سی سی آئی کو سیاسی اکھاڑہ بننے نہیں دیں گے، ہمارے گروپ میں تمام ہی سیاسی جماعتوں کے چاہنے والے موجود ہیں لیکن وہ صرف یوبی جیئنز ہیں۔
ہم جدیدخطوط کی بنیاد پربھرپور الیکشن مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اوریونائٹیڈ بزنس گروپ فیڈریشن الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔
مزید پڑھیں: گیس بحران کا بروقت ازالہ نہ کیا گیاتو سنگین بحران پیدا ہوجائے گا، اسماعیل ستار