کراچی، مہران ٹاؤن کی کچی آبادی میں بنیادی سہولیات کا فقدان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، مہران ٹاؤن کی کچی آبادی میں بنیادی سہولیات کا فقدان
کراچی، مہران ٹاؤن کی کچی آبادی میں بنیادی سہولیات کا فقدان

کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث پرائیویٹ ٹھیکیداروں نے لوٹ مار شروع کردی، مکینوں سے سیوریج لائنوں کے نام پر ہزاروں روپے بٹورنے کا سلسلہ جاری، شہریوں نے حکومت سے نوٹس کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق مہران ٹاؤن کی کچی آبادی میں زیادہ تر غریب اور مزدور افراد رہائش پذیر ہیں جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں جن کی مرمت نہیں کی جاتی۔ سیوریج کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

گورنرسندھ کا وزیراعظم کے معاون خصوصی کے ہمراہ سینٹرل جیل کا دورہ

صارفین کو 3وقت گیس کی فراہمی، پیٹرولیم ڈویژن کی وضاحت جاری

رہائشی افراد کا کہنا ہے کہ مزدور پیشہ ہونے کی حیثیت سے ہم جو کچھ بھی کماتے ہیں، اس کا زیادہ تر حصہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب کھانے پینے پر ہی خرچ ہوجاتا ہے، سہولیات فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔

حالیہ دنوں میں مہران ٹاؤن کی دو بڑی سڑکیں عالمگیر روڈ اور ڈی 11 روڈ پر سیوریج کا نظام بچھایا گیا اور مکینوں سے کہا گیا کہ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے سیوریج لائنز سڑکوں تک لائیں جو انتہائی مہنگا ہے۔

علاقہ مکینوں نے مختلف متعلقہ محکموں سے شکایت کی کہ سیوریج کا مناسب نظام مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلز اور پیٹرول کی بھاری قیمت کی مد میں ہم پہلے ہی ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

ٹھیکیدار سیوریج لائن کیلئے فی گھر 10 سے 15 ہزار روپے طلب کر رہے ہیں۔ مذکورہ رقم ادا کرنے والوں کو سیوریج لائنز مہیا کردی گئیں۔ سیوریج لائن کا نظام لانے کیلئے علاقے کی گلیاں کھود کر آمدورفت مشکل بنادی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم 10 سے 15 ہزار روپے فی گھر ادا نہیں کرسکتے۔ رقم ادا نہ کرنے کے باعث سیوریج لائنز کا کام نامکمل چھوڑ دیا گیا جس کے نتیجے میں علاقہ مکینوں کی آمدورفت محال ہوگئی ہے۔

سیوریج لائن نہ ہونے کی وجہ سے ہر گھر کے باہر گڑھا کھودا گیا ہے جس میں نکاسئ آب کا پانی جمع ہوتا ہے۔ اکثر گڑھے بھر جانے کے باعث پانی سڑکوں پر آجاتا ہے جسے صاف کرنے کیلئے ٹینکر منگوائے جاتے ہیں۔

ٹینکر کے ذریعے پانی سیوریج لائنز تک پہنچانے کیلئے 4000 روپے الگ وصول کیے جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے رکنِ قومی اسمبلی فہیم خان اور بلدیاتی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ مسائل کا نوٹس لے کر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ 

Related Posts