لاہور: وزیر آباد میں تحریکِ لبیک پاکستان کے مظاہرین خیمہ لگا کر احتجاج کر رہے ہیں جو آج 11ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کیا جائے، انہوں نے وزیر آباد میں اللہ والا چوک کے قریب پارک میں خیمے لگا رکھے ہیں جو آج 11ویں روز بھی حکومت مخالف مہم میں مصروف ہیں۔
حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی منظوری دیدی
کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی سے متعلق فیصلہ متوقع
طویل مظاہرے کے باعث دریائے چناب کے پل پر گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے، ایک ٹریک پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی جبکہ دوسرا ٹریفک تاحال کھولا نہ جاسکا۔ سبزی منڈی میں کاروباری سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔
وزیر آباد کے شہریوں کو سبزیوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں بہتری لائی گئی تاہم انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث بینکس کا کام مکمل طور پر ٹھپ جبکہ کاروباری اداروں کا بری طرح متاثر ہوا ہے۔ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات درپیش ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر عائد کی گئی پابندی ختم کرنے کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ٹی ایل پی نے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی۔منظور کی گئی سمری کے مطابق پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی کے نام کا کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سفارش کی تھی۔