راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہا کہ مجھے بہت مایوسی ہوئی۔ جب میں پی ٹی وی کیلئے کام کررہا تھا تو اس دوران سرکاری چینل میری عزت و ناموس کی حفاظت میں ناکام رہا۔
پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کرگروپ 2میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
اگر نیوزی لینڈ افغانستان سے ہارا تو شدید ردعمل آئے گا، شعیب اختر
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہا کہ اب پی ٹی وی نے مجھے ریکوری نوٹس بھیجا ہے، میں ایک فائٹر ہوں اور یہ قانونی جنگ لڑتے ہوئے ہار نہیں مانوں گا۔ میرے وکیل سلمان نیازی یہ کیس قانون کے مطابق آگے لے کر جائیں گے۔
Utterly Disappointed. After miserably failing to safeguard my respect & repute while i was working for PTV, they have now sent me a Recovery Notice. I am a fighter & will not give up & fight this legal battle. My lawyer @SalmanKNiazi1 will take this forward according to law.
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 7, 2021
گزشتہ دنوں سرکاری ٹی وی چینل میں لائیو پروگرام کے دوران شعیب اختر سے بد تمیزی کی گئی۔ میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے راولپنڈی ایکسپریس کو اٹھ کر چلے جانے کا کہا جس پر سوشل میڈیا صارفین اور پاکستانی عوام نے بھرپور غم و غصے کا اظہار کیا۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی چینل کے نوٹس میں شعیب اختر سے مجموعی طور پر 10 کروڑ 33لاکھ روپے ہرجانہ طلب کیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ سابق قومی فاسٹ بالر نے اطلاع دئیے بغیر بھارتی کرکٹرز کے ساتھ شو کیا جس سے ہمیں نقصان ہوا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران شعیب اختر غیر حاضر رہے، نوٹس دئیے بغیر مستعفی ہونے پر 3 ماہ کی تنخواہ 33 لاکھ اور مزید جرمانہ ادا کریں۔ واضح رہے کہ لائیو ٹی وی شو کے دوران شعیب اختر سے بدتمیزی 26اکتوبر کو کی گئی۔