اسلام آباد: وطنِ عزیز پاکستان کا یومِ آزادی قریب ہے جبکہ سبز ہلالی پرچم کو اپنائے ہوئے آج پاکستانی قوم کو 72 سال مکمل ہو گئے ۔
پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سبز اور سفید رنگوں پر مشتمل ہے جس میں 5 کونوں پر مشتمل ستارہ اور ہلال کے ساتھ ساتھ سبز رنگ مسلمان قوم جبکہ سفید رنگ وطن میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ہدایات پر قومی پرچم کو ڈیزائن کرنے کا سہرا سید امیر الدین قدوائی کے سر ہے، جسے 11 اگست 1947ء کو قوم نے متفقہ طور پر قبول کیا۔
قومی پرچم لہرانے کی تقاریب میں 23 مارچ، 14 اگست اور 25 دسمبر کے ساتھ ساتھ قائدِ اعظم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی سالگرہ یا یومِ وفات شامل ہیں۔
اظہارِ افسوس کیلئے قومی پرچم سرنگوں رکھا جاسکتا ہے جس میں شہیدِ ملت لیاقت علی خان کا یومِ وفات یعنی 16 اکتوبر شامل ہے، تاہم دیگر مواقع پر پرچم کو لہرانا یا بلند رکھنا ضروری قرار دیا جاتا ہے۔
یومِ آزادی قریب ہے اور ملک بھر میں پاکستانی پرچم کی خریدوفروخت جاری ہے۔ کمسن بچوں کے ساتھ ساتھ نوجوان لوگ بھی وطن سے اظہارِ محبت کیلئے قومی پرچم خرید رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈینش اخبار میں پرچم کی تضحیک، چین نے معافی کا مطالبہ کردیا