راولپنڈی: تھانہ بہارہ کہو کے علاقہ پھلگراں میں رات گئے موسلادھار بارش اور نالے میں طغیانی کے باعث شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جانے والی فیملی کی مہران گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اس افسوسناک واقعہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت 7 افراد پانی میں ڈوب کر جانبحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں خاتون اس کی چار بیٹیاں اور اٹھارہ سالہ بیٹا بھی شامل ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ جمعہ یکم اکتوبر 2021ء کی رات دو بجے کے بعد پیش آیا جبکہ اگلے روز 2 اکتوبر ہفتہ کی صبح گیارہ بجے نالے کے پانی کی سطح کم ہونے پر راہگیروں کو گاڑی اور کیچڑ میں دھنسی ہوئی لاشیں ملیں۔
بعدازاں لاشیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کرا دی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں شمائلہ، طاہرہ، معصوم بیٹیوں میں رمشہ، رابعہ، مناہل اور حمزہ شامل ہیں۔
ایم ایم نیوز کو موصولہ معلومات کے مطابق خاتون اپنی سہیلی، چار بیٹیوں اور اٹھارہ سالہ بیٹے کے ہمراہ سری چوک بہارہ کہو میں شادی کی تقریب میں آئی ہوئی تھی۔ رات گئے یہ تمام افراد واپس گھر جانے کے لئے اپنی مہران گاڑی پر نکلے ۔ تاہم بارش اور نالے کے پانی کا بہاؤ تیز ہوجانے کے باعث پھلگراں زیارت کے نزدیک گاڑی الٹ گئی اور حادثہ پیش آگیا۔
یہ بھی پڑھیں : عمر شریف کی تدفین خواہش کے مطابق عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی، سعید غنی