داتا کی نگری لاہور میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 44 دکانوں کو سیل کردیا گیا جبکہ دکانداروں پر 70 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات پر رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 413 دکانوں کی انسپکشن کی گئی اور کورونا ایس او پیز کی 42 خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
لاہور کی شہری انتظامیہ کی طرف سے کورونا ایس او پیز کارروائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والی 44 دکانوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا گیا اور 70 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دکانداروں کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔ سماجی فاصلے اور ماسک کی پابندی نہ کرنے پر دکانداروں کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ملازمین کے بچاؤ کی خاطر دفاتر میں حاضری 50فیصد کردی۔ اس حوالے سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری اور نجی دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے گزشتہ روز احکامات جاری کردیے۔
مزید پڑھیں: کورونا کیسز، پنجاب حکومت نے دفاتر میں حاضری 50فیصد کردی