راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مضرِ صحت جوس کی 30 ہزار بوتلیں تلف کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں بھی جعلسازی کم نہ ہوسکی، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن کی سربراہی میں راول ٹاؤن 2 میں معروف جوس پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضرِ صحت جوس کی 30 ہزار بوتلیں تلف کردیں۔ تلف کیے جانے والے جوس پر جعلی لیبلنگ میٹریل استعمال کیا جارہا تھا۔ مضرِ صحت اور ناقص جوس کو مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نے کہا کہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 17 ریسٹورنٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ناقص دودھ کی اسٹوریج اور استعمال پر 4 دکانوں اور 2 آئس کریم یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی رمضان کے بابرکت مہینے میں شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیرپور، نیشنل ہائی وے پر بس اور وین کا تصادم، 12 افراد جاں بحق