نئی دہلی: چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، چینی فوج سے جھڑپ میں 20 بھارتی فوجی مارے گئے۔
ہندوستانی فوج کاکہنا ہے کہ لداخ کی وادی گالان میں ہمالیہ کے سرحدی محاذ کے دونوں اطراف میں جانی نقصان ہوا ہے جبکہ چین نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
پیر کی رات وادی گالان میں بھارتی فوجیوں کی سرحد پر پیش قدمی کی وجہ سے چینی فوج کے ساتھ جھڑپ ہوگئی جس میں دونوں اطراف جانی نقصان ہوا تاہم چین نے جانی نقصان کی تردید کی ہے جبکہ بھارتی فوج کا ایک کرنل سمیت 20 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
سرحدی کشیدگی میں کمی کیلئے بھارت اور چین کی فوج کے اعلیٰ افسران کے درمیان میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، گالان میں ہندوستانی فوج کے ایک افسر نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس واقعے میں کوئی گولی نہیں چلائی گئی ۔
چین نے جھڑپ کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے ہلاکتوں کا کوئی ذکر نہیں کیا ، انہوں نے بھارتی فوجیوں پر چینی سرزمین عبور کرنے اور ان کے اہلکاروں پر حملہ کرنے کا الزام لگایا۔
مزید پڑھیں: چین لداخ میں گھس آیا اور ہماری زمین پر قبضہ کرلیا، راہول گاندھی