کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چرس اور کرسٹل برآمد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کو کراچی کے تھانہ نبی بخش اور بغدادی کی حدود سے گرفتار کیا گیا جن میں علی رضا، خالد اور توصیف عرف پنکی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اردو یونیورسٹی کے قریب چھاپہ، 2 من چرس برآمد، 2 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز کے بیان کے مطابق توصیف عرف پنکی سے 70 گرام کرسٹل، علی رضا سے 125گرام چرس اور خالد سے 20 گرام کرسٹل برآمد کی گئی۔
پولیس نے ملزمان کو اسنیپ چیکنگ اور پٹرولنگ کے دوران منشیات فروشی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے۔
اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ معلوم کیا جارہا ہے اور ملزمان سے جرم میں شریک دیگر ساتھیوں کے متعلق تفتیش بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائیاں کیں اور سیکڑوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گزشتہ ہفتے پولیس نے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1 ہزار 479سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ مختلف علاقوں میں منشیات کیخلاف مہم کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی 115 کلو 94 گرام چرس، 515 گرام ہیروئن، 03 کلو 686 گرام آئس اور کرسٹل برآمد کی۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس جرائم پیشہ عناصر کیخلاف متحرک، 1479گرفتار