پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو دو وکٹس سے شکست دے دی،
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے یاسر خان نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور صرف 25 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔
مڈل آرڈر میں طیب طاہر نے 36 رنز 24 گیندوں پر بنائے، جبکہ اختتامی اوورز میں شاہد عزیز نے 14 گیندوں پر 29 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ میں عثمان طارق سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 32 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
محمد وسیم نے آخری اوور میں 26 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ فہیم اشرف اور خُرم شہزاد نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلےکے بعد 186رنزکا ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ کوئٹہ نے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔
کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز نے ناقابل شکست 67 رنز بنائے، انہوں نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی، ان کے علاوہ خواجہ نافع نے 57 رنز کی اننگ کھیلی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد عزیز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھی۔