پاکستانی اداکارہ ناصرہ سرفراز نے رانی کے نام سے فلمی دنیا پر عرصۂ دراز تک حکومت کی، آج رانی کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 28 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 8 دسمبر 1946ء کے روز لاہور میں پیدا ہونے والی اداکارہ رانی نے 1960ء کی دہائی میں فلم بینوں میں بے مثال شہرت حاصل کی اور اداکار وحید مراد اور شاہد سمیت متعدد اداکاروں کے ہمراہ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔
آرائیں خاندان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ رانی کے والد گلوکارہ فریدہ خانم کی بڑی بہن مختار بیگم کے ہاں ڈرائیور کا کام کرتے تھے۔ مختار بیگم کی شادی آغا حشر کاشمیری سے ہوئی جو بہت مشہور ڈرامہ نگار تھے۔
مختار بیگم رانی کو اداکاری کا ہنر سکھانے کیلئے اپنے ہاں لے آئیں۔اداکارہ رانی نے 1962ء میں محبوب نامی فلم سے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔ ہزار داستان اور دیور بھابھی جیسی فلموں میں کام کرکے رانی چوٹی کی اداکارہ بن گئیں۔
آگے چل کر 90ء کی دہائی میں اداکارہ رانی نے خواہش اور فریب نامی دو ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کیا۔ میرا گھر میری جنات فلم کیلئے 1968ء میں رانی کو نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دوسرا نگار ایوارڈ 1986 میں فلم سونا چاندی کیلئے ملا۔
اداکارہ رانی کی کامیابیوں کا سفر ابھی جاری تھا کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوگئیں اور صرف 46 سال کی عمر میں لاہور میں 27 مئی 1993ء کی عمر میں انتقال کر گئیں۔رانی کو ان کی اداکاری کے باعث ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
رانی کی وفات ان کی بیٹی رابعہ کی شادی کے کچھ روز بعد ہوئی تھی، پھر رانی کی وفات کے بعد ان کی والدہ جو پہلے ہی شدید علیل تھیں، چل بسیں جنہیں رانی کی وفات کے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تھا۔
دونوں کی وفات کے 3 ماہ بعد رانی کی اکلوتی بہن بھی جاں بحق ہوگئی۔ رانی اور ان کی والدہ کو لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں ایک دوسرے کے قرب و جوار میں دفن کیا گیا۔ اداکارہ رانی کے خاندان کی ایک ایک کرکے وفات مداحوں کے دل پر بجلی بن کر گری۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار سنجے دت کو متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا مل گیا