کراچی پولیس نے نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو منشیات فروش گروہ کے سرگرم کارکنان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نوجوانوں کو آئس اور ہیروئن مہیا کرنے والے 2 سرگرم کارکنان گرفتار ہوئے جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔
ملیر سٹی پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے صاحب داد گوٹھ، کچی آبادی میں کارروائی کی جس کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلو آئس اور 2 کلو گرام سے زائد حشیش بھی برآمد ہوئی۔ ملزمان کے نام پولیس کو انتہائی مطلوب منشیات فروشوں کی فہرست میں شامل تھے۔
پولیس نے ملزمان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے جن کے خلاف تھانہ سعود آباد اور شرافی گوٹھ میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران نوجوانوں کو ڈرگ سپلائی کا اعتراف کر لیا۔
دونوں ملزمان مرتضیٰ اور سیف اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور درج کیے گئے مقدمات پر تفتیش جاری ہے جس میں منشیات فروش گروہ کے دیگر ممبران سے متعلق مزید انکشافات کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت میں غیرمتعلقہ درخواست دینے پر2لاکھ روپے جرمانہ عائد