راولپنڈی میں سحری کے اوقات میں معمولی تلخ کلامی پر جھگڑے کے نتیجے میں غنڈوں نے 2 افراد پر شدید تشدد اور فائرنگ کرکے زخمی کردیا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے امر پورہ میں پیش آیا جہاں تھانہ وارث خان کی حدود میں تقریباً 10 افراد نے مل کر 2 شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان پر فائرنگ کی جس سے زخمی ہونے والے دونوں افراد مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد شہزاد اور عابد نامی دو شہری اپنی گلی میں موجود تھے اور آوارہ نوجوانوں سے ان کی معمولی تلخ کلامی ہوئی۔ چند لمحوں بعد اوباش افراد کی کثیر تعداد اسلحہ، ڈنڈے، آہنی راڈز، پنچ، تیز دھار خنجر اور دیگر آلات لے کر پہنچ گئی۔
اوباش افراد نے جان سے مارنے کی نیت سے دونوں شہریوں پر فائرنگ کی جس سے محمد شہزاد شدید زخمی ہوگیا جبکہ اسی دوران غنڈوں نے عابد نامی شہری کو پنچ اور آہنی راڈ سے مار کر زخمی کردیا جس پر مقامی تھانہ وارث خان کی پولیس کو کال کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردی اور روپوش ہونے والے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق لڑائی جھگڑا کرنے والوں میں فہیم عرف گوگا اور گلاب سمیت دیگر نامعلوم افراد شامل ہیں جنہوں نے دونوں شہریوں پر شدید تشدد کیا جس سے اب تک وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔