لاہور:رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند جمعرات کو نظر نہیں آئے گا جبکہ یکم رمضان ہفتے کو ہوگی۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی اطلاعات کے مطابق اعلان کیا ہے کہ جمعرات کے روز چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سیکریٹری جنرل رویتِ ہلال کونسل خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ شعبان کی 29 تاریخ کو جمعرات کے روز چاند پاکستان کے کسی بھی علاقے میں نظر نہیں آئے گا۔شعبان المعظم کے 30 روز مکمل ہوں گے۔
جنرل سیکریٹری خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہئے، اس کے بعد ہی چاند پاکستان کے کسی بھی علاقے میں نظر آسکتا ہے۔
خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ سورج اور چاند کے غروب کا درمیانی فرق 40 منٹ ہونے کے ساتھ ساتھ زمین کا چاند سے زاویائی فاصلہ 6 ڈگری اور سورج کا چاند سے 10 ڈگری ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رویتِ ہلال کی شرائط پوری نہ ہونے کے باعث چاند جمعرات کے روز کسی بھی پاکستانی علاقے میں نظر آنے کی امید نہیں۔ اس لیے یکم رمضان ہفتے کو ہوگی۔