اسلام آباد:تھانہ سبزی منڈی کی حدود سے اغواء ہونے والے 17 سالہ نوجوان کی لاش واقعہ کے 25 روز بعد تھانے سے چند فرلانگ کے فاصلے پر ویرانے سے برآمد ہوئی۔
دوسری جانب سبزی منڈی پولیس کی نااہلی اور روائتی سستی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تفتیشی آفیسر یہی کہتا رہا کہ نوجوان اپنی مرضی سے کہیں گیا ہوا ہے۔
اس کیس کے حوالے سے موصولہ معلومات کے مطابق مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والا نوجوان بلال خان سبزی منڈی میں واقع پہلوان ناشتہ والا ہوٹل پر تین ماہ سے ملازمت کر رہا تھا اور وہیں رہائش رکھی ہوئی تھی۔
18 ستمبر 2021ء کی شام چھ بجے وہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ جس پر نوجوان کے ورثاء نے تھانہ سبزی منڈی پولیس کو تحریری درخواست دی۔ پولیس نے اگلے روز اغواء کی دفعہ کے تحت مقدمہ نمبر 442/21 درج کرلیا۔
تاہم نوجوان کی تلاش میں پولیس تفتیش کرنے کے بجائے ورثاء کو یہ کہتی رہی کہ وہ اپنی مرضی سے کہیں گیا ہوا ہے۔ نوجوان کی پراسرار گمشدگی کے 25 روز بعد لاش تھانہ سبزی منڈی سے چند فرلانگ کے فاصلے سے ویرانے میں پڑی ہوئی برآمد ہوئی۔
مزید پڑھیں: فلاحی تنظیم کی سربراہ روشنا محبوب راجپڑ کے قتل کیخلاف سول سوسائٹی سراپا احتجاج