ریاض: مکہ مکرمہ میں قائم بیت اللہ شریف (مسجد الحرام) میں 1 سال کے دوران 10 کروڑ سے زائد عازمین آئے جبکہ عازمین کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارے کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ رواں برس 1444 ہجری کے آغاز سے اب تک مسجد الحرام میں 10 کروڑ سے زائد افراد کی آمدورفت رہی۔
مکہ میں بارش کے بعد ہریالی کی ویڈیو نے دل جیت لیے
رواں برس حجرِ اسماعیل کے قریب نماز ادا کرنے والوں کی تعداد 11 لاکھ 93 ہزار سے زائد رہی جبکہ گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے 1 سال میں 15 لاکھ سے زائد مہمانوں نے خدمات حاصل کیں۔ 50 سے زائد گاڑیاں معمر اور خصوصی افراد کیلئے مختص کی گئیں۔
شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ سال 2023 کے دوران حرمین شریفین میں رضا کاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ گاڑی کی خدمات کیلئے الیکٹرانک آرڈرز کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ الیکٹرانک طواف کیلئے بھی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی سفیر نواف المالکی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی “اسپرنگ آف مکہ” ویڈیو کو پاکستانی ٹویٹرز کی جانب سے زبردست ردعمل ملا۔ صرف دو روز میں ویڈیوز کے ویوز ایک لاکھ سے بڑھ گئے ہیں اور ویڈیو کو چھ ہزار سے زیادہ مرتبہ لائیک کیا گیا۔
ویڈیو میں مکہ مکرمہ کے پہاڑوں کی اس خوبصورتی کو پیش کیا گیا جب گذشتہ دنوں اور ہفتوں کے دوران شدید بارشوں کے بعد یہ پہاڑ سرسبز ہو گئے تھے۔ مکہ مکرمہ کے پہاڑوں کے متعلق یہ مشہور تھا کہ طویل عرصہ سے ان پہاڑوں کی چٹانوں کا رنگ سیاہ ہو چکا ہے۔ تاہم اس کے باوجود پہاڑوں پر سبزہ اگ آیا۔