بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پکنک پوائنٹ سے کسٹم اہل کار سمیت 10 افراد کو شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد اغوا کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے زرغون سے متصل سیاحتی مقام شعبان پر پیش آیا جہاں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے پکنک پوائنٹ کو گھیرے میں لے کر وہاں موجود تفریح کیلئے آئے ہوئے افراد کے شناختی کارڈ دیکھے۔
مسلح افراد نے چودہ افراد کو حراست میں لیا تاہم چار افراد کو چھوڑ دیا اور 10 افراد کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ مغویوں میں ایک کسٹم اہل کار سمیت پنجاب کے رہائشی افراد شامل ہیں۔ حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔
خیال رہے گزشتہ سال بھی زرغون سے مسلح افراد شناخت کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔کسٹم اہلکار سمیت 10افراد کو شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد اغوا کرنے کا یہ واقعہ پنجاب کے باسیوں کیلئے باعثِ تشویش ہے۔
صوبائی منافرت کا مسئلہ
پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں صوبوں،ریاستوں اور شہروں کی بنیاد پر منافرت پھیلانے کا سلسلہ نیا نہیں ہے۔ ایسے واقعات جن میں واضح طور پر دکھایا جاتا ہے کہ کسی ایک صوبے کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بڑے پیمانے پر فساد اور قتل و غارت کا باعث بنتے ہیں۔