بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ٹرین میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور 10افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ ریاست تامل ناڈو کے مدورائی ریلوے اسٹیشن پر ہفتے کے روز پیش آیا جہاں ٹرین کے اسٹیشنری کمپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور10افراد جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹرین کی پرائیوٹ کوچ میں سوار مسافر کی جانب سے چائے بنانے کے لیے گیس سلنڈر کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے کوچ میں آگ لگ گئی اور زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
وزیر کمرشل ٹیکس کا کہنا ہے کہ ٹرین میں سوار مسافروں کا تعلق ریاست اترپردیش سے تھا اوریہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے جارہے تھے تاہم حادثے کے باعث 10افراد چل بسے۔
تامل ناڈو کے وزیر برائے کمرشل ٹیکس کا کہنا تھا کہ حادثہ صبح کے وقت میں پیش آیا، فائر فائٹرز 7 بجے ریلوے اسٹیشن پہنچے اور آگ پر قابو پایا جب کہ حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل میں ایرانی ساختہ دھماکا خیز مواد پکڑا گیا
حکام کا کہنا ہے کہ کوچ میں 63 مسافر موجود تھے جب کہ مرنے والوں میں 6 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں اور حادثے میں 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔