کر اچی میں ٹریفک پولیس اہلکار نے کارکے بونٹ پر بیٹھ کر گاڑی روک لی،ویڈیو وائرل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Traffic policemen stop car
کر اچی میں ٹریفک پولیس اہلکار نے کارکے بونٹ پر بیٹھ کر گاڑی روک لی،ویڈیو وائرل

کراچی :کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی کے پل کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار کو ایک کار کے بونٹ پر سفر کرنا پڑ گیا۔ٹریفک پولیس اہلکار کی کار کے بونٹ پر سفر کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

کراچی کی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار نے کار سوار کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا جس پر کار سوار نے رکنے کے بجائے ٹریفک اہلکار کو ٹکر مار دی، تاہم ٹریفک اہلکار ٹکر لگنے سے اچھل کر کار کے بونٹ پر بیٹھ گیا۔ٹریفک اہلکار کے بونٹ پر بیٹھنے کے باوجود کار سوار نے تیزی سے گاڑی چلا دی۔

کئی سومیٹر تک ٹریفک اہلکار تیز چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھا رہا، خلاف ورزی کرنے والے کار ڈرائیور نے جان چھوٹتی نہ دیکھ کر کار کو روک دیا۔ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق ٹریفک کی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کا چالان کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہری کے خلاف 1 ہزار روپے کا چالان کیا ہے جس کے متن میں درج ہے کہ ڈرائیور غفلت اور لاپروائی سے کار چلا رہا تھا۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار نوید علی نے غلط ڈرائیونگ پر مذکورہ ڈرائیور کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے اہلکار کو ٹکر ماری اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ٹریفک پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کار سوار کی غفلت پر قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا یہ واقعہ کراچی میں نیپا چورنگی فلائی اوور کے نیچے پیش آیا،جس کی ایک شہری نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جو وائرل ہو گئی۔

Related Posts