عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے کراچی کے ہزاروں شہری فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق صرف جناح اسپتال میں 3 ہزار سے زائد مریضوں کو فوڈ پوائزننگ کے علاج کے لیے لایا گیا۔
صوبائی محکمہ صحت اور بلدیہ عظمیٰ کے تحت چلنے والے اسپتالوں اور نجی طبی مراکز میں بھی عید کی تعطیلات میں کئی ہزار افراد کو بسیار خوری اور گوشت کے بے تحاشا استعمال کے باعث لایا گیا۔
واضح رہے کہ عید سے قبل ماہرین صحت نے قربانی کا گوشت احتیاط کے ساتھ کھانے کو کہا تھا ، اُن کا کہنا تھا کہ گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی اور پیٹ کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔
ایک وقت میں کتنا گوشت کھانا چاہیے؟
عید قربان کا موقع ہو اور مزیدار چٹ پٹے کھانے نہ کھائے جا ئیں ایسا ممکن نہیں، ذرا ٹھہریے ماہرین صحت کے مطابق صحت مند افراد دن میں ایک پاؤ جبکہ کولیسٹرول، شوگر اورامراض قلب کے مریض نصف پاؤ گوشت کھا سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گردے، کلیجی، مغز اور پائے میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے لہٰذا امراض گردہ، امراض قلب اور شوگر کے مریض ان سے پرہیز کریں۔
باربی کیو کرتے وقت احتیاط کریں
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بار بی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں گوشت اچھی طرح پکا ہوا ہو کیونکہ بار بی کیو میں گوشت کچا اور عام طور پر جانور کا خون بھی لگا ہوا ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے اور آپ مختلف بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔