سری لنکن کرکٹ بورڈنےاپنی ٹیم کودورہ پاکستان کی اجازت دے دی، ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کے لیے روانہ ہوگی اور25ستمبرکوکراچی پہنچے گی ،سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی کی نگرانی پاک آرمی براہ راست کرےگی۔
سری لنکن بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ٹیم شیڈول کے مطابق کراچی میں 3 ایک روزہ میچز جبکہ 3 ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے گی انہوں نے کہا کہ میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔
سری لنکن انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل (ر) کولا تھنگے نے کہا ہے کہ ٹیم پر پاکستان میں حملے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر کو بھی سری لنکا میں کسی ممکنہ حملے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔
سری لنکن کرکٹ کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں پاکستان آرمی براہ راست سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ وزارت دفاع نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے، حکومت پاکستان نے سری لنکن حکومت کو خط لکھ کر ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ہے جس سے سری لنکا کےدورہ پاکستان پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ہیں۔
سری لنکن ٹیم کا دورہ تین وے ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں ون ڈے میچ سے ہوگا۔
سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم پر مارچ 2009ء میں لاہور میں ٹیسٹ میچ کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا، واقعے میں 6 پولیس اہلکار اور 2 شہری جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بین الاقوامی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے اکتوبر 2017ء میں واحد ٹی 20 میچ لاہور میں کھیلا تھا۔