کراچی: سندھ حکومت نے سپاہی سے لے کر اے ایس آئی رینک تک پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں سپاہی سے لے کر اے ایس آئی تک تمام پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں بڑھا دی جائیں گی۔ محکمۂ سندھ پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہ دیگر صوبوں کے مساوی کی جائے گی۔
تنخواہوں کے علاوہ سندھ پولیس کے الاؤنسز اور دیگر مراعات بھی دیگر صوبوں کے برابر لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے منظوری دے دی جس کے بعد کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔
سندھ حکومت نے کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ چیف سیکریٹری کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی میں آئی جی، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری سروسز اور سیکریٹری قانون شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کی تشکیل دی گئی کمیٹی پولیس اہلکاروں کے اسکیلز، تنخواہوں اور الاؤنسز کے جائزے اور دیگر صوبوں سے موازنے کی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی جس کے بعد تنخواہیں بڑھائی جائیں گی۔
کمیٹی سپاہی سے لے کر اے ایس آئی رینک تک تمام پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں، مراعات اور دیگر سہولیات پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کے مساوی کرنے کی سفارش پیش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کی ابراہیم حیدری میں کارروائی، نو عمر ملزمان کا گروہ گرفتار