عدالت نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عدالت نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا حکم معطل کردیا
عدالت نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا حکم معطل کردیا

عدالتِ عظمیٰ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع  کا سرکاری نوٹیفیکیشن معطل کردیا ہے جبکہ درخواست گزار کی طرف سے درخواست واپس لینے کی استدعا بھی مسترد کر دی گئی۔

سپریم کورٹ میں ججز کے 3 رکنی بینچ نے  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے کہا کہ میں اپنی درخواست واپس لینا چاہتا ہوں جسے عدالتِ عظمیٰ نے مسترد کردیا۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جیورسٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے  سپریم کورٹ میں بیانِ حلفی جمع نہیں کروایا گیا، ہاتھ سے لکھی گئی درخواست قبول نہیں کی جاسکتی، نہ یہ معلوم ہے کہ مقدمہ آزادانہ طور پر واپس لیا جا رہا ہے۔عدالت نے معاملے کو مفادِ عامہ سے متعلق قرار دیتے ہوئے از خود نوٹس میں تبدیل کردیا۔

اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو چیف آف آرمی اسٹاف کی مدتِ ملازمت میں توسیع پر دستاویزات پیش کیں جن پر ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو آرمی چیف تعینات کرنے کا اختیار نہیں۔عدالت نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال کی اصطلاح مبہم اور کمزور ہے۔ 

چیف جسٹس نے کہا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا اختیار صدرِ مملکت کو حاصل ہے۔ کیا صدرِ مملکت نے کابینہ کی منظوری سے پہلے ہی توسیع کی منظوری دی جو منظوری کے بعد دوبارہ دینی پڑی؟

جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ آئین کے تحت آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کیسے ممکن ہے؟  جبکہ چیف جسٹس نے کہا کہ قواعد میں آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع یا دوبارہ تقرری کا اختیار نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو صرف آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ معطل کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ آرمی چیف ابھی ریٹائر نہیں ہوئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔

اعتراض کیا گیا کہ کابینہ کے 14 اراکین نے اب تک آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع پر مثبت جواب نہیں دیا۔  جبکہ 25 رکنی کابینہ میں سے صرف 11 نے فیصلے کی توثیق کی۔ کیا ان کی خاموشی کو ہاں سمجھ لیا گیا؟

بعد ازاں سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا اور سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کو توسیع معطلی کا نوٹس جاری کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کے خاندان پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے  شیئرز منجمد کر دئیے جبکہ جائیداد کی خریدوفروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

مزید پڑھیں: قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف خاندان کی کمپنیاں اور شیئرز منجمد

Related Posts