ارجنٹائن میں قطری جبہ مقبول، “البِشت” فتح کے جشن کا حصہ بن گیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ارجنٹائن میں قطری جبہ مقبول، "البِشت" فتح کے جشن کا حصہ بن گیا
ارجنٹائن میں قطری جبہ مقبول، "البِشت" فتح کے جشن کا حصہ بن گیا

رواں ماہ 18 تاریخ کو قطر میں فیفا ورلڈکپ کے عالمی اور خوبصورت میلے کا اختتام  لیجنڈ فٹبال کھلاڑی اور ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی کے ہاتھوں ورلڈکپ اٹھائے جانے کے ساتھ ہوا۔

ارجنٹائن کی ٹیم کے ساتھ اسپورٹس کی دنیا کے اس سب سے بڑے میلے میں فرانس کی ٹیم فائنلسٹ تھی۔ سخت مقابلے کے بعد فائنل کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جس میں ارجنٹائن بالآخر فرانس کو زیر کرکے فٹبال کی تاریخ میں تیسری بار ورلڈکپ کا فاتح بنا۔

قطر میں منعقد ہونے والا یہ عالمی ایونٹ کئی حوالوں سے یادگار رہا۔ شروع سے لے کر آخری لمحے تک بہت سے دلچسپ مراحل آئے جو یاد گار بنتے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: عُمان کے رکن پارلیمان کی میسی کے عربی جبے کے عوض 10 لاکھ ڈالر کی پیش کش

میچ کا فیصلہ ہونے کے بعد ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کا موقع آیا تو یہ لمحات بھی ایک یادگار بن کر تاریخ کے فریم میں محفوظ ہوگئے۔ اختتامی تقریب کا ایک وہ لمحہ بھی بڑا دلچسپ رہا جس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے فیفا کے صدر  گیانی انفانٹینو کی موجودی میں فاتح ٹیم کے کپتان لیونل میسی کو قطر کا روایتی جبہ البِشت پہنایا۔

البشت قطر کا خاص روایتی جبہ ہے، جس کو مہمانوں کی تکریم اور عزت افزائی کیلئے تحفے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ لیونل میسی نے یہ جبہ پہن کر ٹرافی اٹھائی اور بعد ازاں اس جبے میں ہی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ جشن منایا۔

یہ روایت اور جدت کا ایسا دلچسپ امتزاج بنا کہ دنیا بھر میں اس پر تبصرے ہوئے، جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

ورلڈکپ کا میلہ ختم ہوچکا ہے مگر لیونل میسی کو پہنایا گیا قطری جبہ  اب بھی لوگوں کے ذہنوں سے محو نہیں ہوا، بلکہ ٹرافی کے فاتح ملک ارجنٹائن میں اب میسی کے ساتھ ساتھ قطری جبہ بھی بہت مقبول ہوگیا ہے۔

ارجنٹائن میں فتح کا جشن تا حال جاری ہے، اس جشن میں قطری جبہ البِشت بھی شامل ہوتا ہے اور ارجنٹائن کی گلیوں اور بازاروں میں فتح کا جشن مناتے بچے، جوان اور بوڑھے سبھی البشت پہنے دیکھے جاتے ہیں۔

قطر نے نہ صرف فٹبال ورلڈکپ کا عالمی میلہ کامیابی سے منعقد کرکے شائقین فٹبال کے دل جیت لیے، بلکہ اپنی ثقافت کا پرچار بھی بڑی حکمت سے کرکے اہم کامیابی سمیٹی ہے، ارجنٹائن میں آج البشت کی مقبولیت اس کی دلیل ہے۔

Related Posts