لاہور: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہماری پارٹی کے ایم پی ایز کو مبینہ طور پر اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے ”نامعلوم نمبروں ” سے رشوت کی پیشکش کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ادارے ملک میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے اور نئے آرمی لیڈر غیر سیاسی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے مظفر گڑھ سے ہمارے ایم پی اے نے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ انہیں نامعلوم نمبروں سے کالز موصول ہوئیں اور انہیں وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے رشوت کی پیشکش کی گئی۔
انہوں نے میڈیا رپورٹس کے حوالے سے کہا کہ نامعلوم افراد نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے ارکان سے ملاقات کی اور انہیں تحقیقات کے بارے میں حکم دینے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف پر زور دیا کہ وہ ادارے کی غیر جانبداری کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں:وزیر داخلہ کی گاڑی پر جوتے سے حملہ، ویڈیو وائرل
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے کہا تھا کہ وہ اگلے عام انتخابات میں پولیٹیکل انجینئرنگ سے گریز کریں۔