باغ: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15میں آج پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پولنگ کا عمل شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15میں ضمنی انتخاب سابق وزیر اعظم کی نااہلی کے نتیجے میں خالی ہونے والی نشست پر ہورہا ہے۔ سردار تنویر الیاس ہائیکورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نااہل ہوگئے تھے۔
تنویر الیاس ق لیگ میں شامل، عمران خان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
ایل اے 15میں ضمنی الیکشن کیلئے 18 امیدوار میدان میں اتر چکے ہیں جن میں پی ٹی آئی کے کرنل ضمیر، پی پی پی کے ضیاء القمر اور مسلم لیگ(ن) کے مشتاق منہاس کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ حلقے میں 1لاکھ 1ہزار145رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔
رجسٹرڈ ووٹرز میں سے مردوں کی تعداد 53 ہزار 107 جبکہ خواتین کی 48 ہزار 38 ہے۔ باغ 2، ایل اے 15 میں گزشتہ الیکشن کے دوران پی پی پی امیدوار سردار ضیاء القمر نے 14 ہزار 781 ووٹ لیے تھے جبکہ سردار تنویر الیاس 20ہزار10ووٹوں سے کامیاب رہے۔
حلقہ ایل اے 15میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کی غرض سے 189 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں جن میں سے 59 مردوں، 57 خواتین جبکہ 73 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور سابق پی ٹی آئی رہنما سردار تنویر الیاس نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے بعد 9 روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات افسوس ناک ہیں، عمران خان نام نہاد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔