لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کردیا۔
ٹویٹر پر پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ ہم محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیر اعلیٰ بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تیار رہنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ عمران خان کی قیادت میں بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کہا کہ محسن نقوی ”اس عہدے کے لیے سب سے زیادہ نا مناسب سمجھے جانے والے شخص” تھے۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کر دیا
علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی محسن نقوی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرے گی۔