اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالرز کی قسط جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔ آئی ایم ایف وفد کی قیادت کیلئے مشن چیف ناتھن پورٹر کل ہی پاکستان پہنچے تھے۔ تکنیکی و پالیسی مذاکرات آج سے 9 فروری تک جاری رہیں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بڑا اضافہ
آئی ایم ایف وفد کی قیادت ناتھن پورٹر جبکہ پاکستانی وفد کی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کریں گے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سے 2 فروری تک تکنیکی جبکہ 3 سے 9 فروری تک پالیسی مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔
تکنیکی مذاکرات کے دوران پاکستان کا وفد ملک میں نافذ معاشی اصلاحات کے متعلق آئی ایم ایف کو بریفنگ دے گا جبکہ آئی ایم ایف کے مطالبات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا جس کے بعد پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔
پالیسی مذاکرات میں پاکستان ملکی معیشت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پالیسی آئی ایم ایف کے سامنے رکھے گا اور رعایات طلب کرے گا۔ مذاکرات کو 9ویں اقتصادی جائزے کا نام دیا گیا ہے۔ ملک کو درپیش سیلاب اور معاشی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان آئی ایم ایف کو ٹیکس محاصل اور ایکسچینج ریٹ پر بریفنگ دے گا۔ مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ قرض کی قسط جاری کی جائے گی جسے ملکی معیشت کیلئے اہم قرار دیا جارہا ہے۔