لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کی کوششیں، ویکسین نہ لگانے والوں کا دفاتر، پبلک پارکس اور شاپنگ مالز میں بھی داخلہ بند کرنے پر غور جبکہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کر دیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں صوبے میں کورونا وبا کی صورتحال اور ویکسینیشن مہم کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کورونا ویکسین مہم میں تیزی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ ویکسین نہ لگوانے افراد کی موبائل سم بند کر دی جائے، جبکہ ویکسین نہ لگانے والوں کا دفاتر، پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز میں داخلہ بند کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے جلد فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کورونا سے چھٹکارہ ویکسینیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق صوبے بھر میں ویکسینیشن کے ہدف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے ہر ضلع کے لیے روزانہ ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن اہداف کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ویکسی نیشن سے متعلق اضلاع کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کم ویکسینیشن والے اضلاع میں ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اہداف پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسران سے باز پرس ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور کاروباری پابندیوں میں نرمی پر غور کیا گیا۔ این سی اوسی نے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم 3 حصوں میں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل سرکاری اورغیرسرکاری ملازمین کیلئے لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق تمام ملازمین 30 جون تک کورونا ویکسی نیشن لازمی کرائیں۔ عام شہریوں کو رضاکارانہ طور پر ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کورونا ویکسی نیشن سینٹرز اب اتوار کو بند رہیں گے، 18سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ ماحولیات کراچی میں3 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گا،مرتضیٰ وہاب