راولپنڈی میں غریب گھرانے کے بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے گلزارِ قائد میں پیش آیا جہاں ثناء اللہ نامی بچہ منگل کے روز لاپتہ ہوا جسے ملزم نے مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بچے کی میت ہسپتال منتقل کردی۔
بچے کی لاش گلزارِ قائد کے ریلوے ٹریک کے نزدیک پائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ بچے کی میت کا پوسٹ مارٹم کرنے سے موت کی وجہ اور جنسی زیادتی کی تصدیق ممکن ہوسکے گی۔
ائیرپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ کاشف نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ گزشتہ شب پولیس کو موصول ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کاشف کو شناخت کرکے ٹریس کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ خاندانی تنازعے کے باعث ثناء اللہ کو گھر سے لے گیا اور اسے قتل کرکے لاش ریلوے ٹریک کے قریب جھاڑیوں میں دفن کی۔ پولیس نے بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد اور ملزم سے تفتیش میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔ غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے بچے کو خاندانی تنازعے پر قتل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مینارِ پاکستان ہراسگی، عائشہ اکرم ملزمان کی شناخت کیلئے جیل پہنچ گئیں