شہرِ قائد سمندری ہواؤں کی بندش اوربلوچستان کی ریگستانی ہواؤں کے زیراثر منگل کو آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا۔
سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کی مختصر وقت کے لیے بندش اور بلوچستان کی گرم ریگستانی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے منگل کو کراچی آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے جبکہ لاہوردوسرے نمبر پر رہا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضاؤں میں آلودہ ذرات کی مقدار 214 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے جو انتہائی مضر صحت تصور کی جاتی ہے، لاہور 168 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی کی حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی، ماہرین کےمطابق سمندری ہوائیں موسم کو معتدل رکھنے کے علاوہ فلٹر کا بھی کام کرتی ہیں۔